پہلگام : جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ منتخب حکومت نے کابینہ کا اجلاس گرمائی یا سرمائی دارالحکومتوں - سرینگر، جموں - سے باہر منعقد کیا۔ منگل کو جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے کلب پارک میں پہلی مرتبہ کابینہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس تاریخی اجلاس کی صدارت جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کی، جبکہ اجلاس میں وزراء سمیت محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
عمر عبداللہ حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات پر کابینہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ 22اپریل کو بائسرن، پہلگام دہشت گردانہ حملے اور بعد ازاں بھارت اور پاکستان کے مابین جنگ کے بعد کشمیر میں وارد ہونے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی آنے کے بعد لیا گیا تاکہ ’سیاحت کو فروغ‘ مل سکے۔